راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ عشق و ناموسِ رسولِ مقبول ﷺ کا جذبہ مسلمانانِ عالم کے سروں کا تاج ، دلوں کی دھڑکن اور آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ مسلمانانِ عالم حضور نبی کریم ﷺ ، اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعینٰ اور ہر اس چیز سے جسے آپ ﷺ کی ذاتِ با برکات سے نسبت ہے اپنی تمام چیزوں سے بڑھ کر عزیز اور پیاراجانتے ہیں، بے حد محبت و احترام کرتے ہیں اور ان پر اپنی جان نثار کرنے کو دین و دنیا کی سعادتوں کے حصول کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ حب رسول ﷺ ہم سے اس چیز کی متقاضی ہے کہ ہم اﷲ تعالیٰ کی مخلوق کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کریں ۔ اس ضمن میں صحابی ِ رسول ﷺ حضرت عبداﷲ بن مسعود ؓ نے مسجد نبوی شریف میں آئے ہوئے سائل کی درخواست پر اپنا اعتکاف چھوڑ کر اُس کی مدد کیلئے ساتھ تشریف لے جا کر اُمت کو تعلیم دی کہ رب تعالیٰ کو زیادہ پیارا وہ شخص ہے جو اس کی مخلوق کو زیادہ نفع پہنچانے والا ہے ۔حضور نبی رحمت ﷺ اپنی اُمت کو اس کیفیت میں دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کا بہت بھلا چاہنے والے ،ایک دوسرے کے کام آنے والے ، نیک گمان رکھنے والے اور مخلوق خدا کو آپس میں جوڑنے والے ہوں ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درس ِ حدیث ِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سال جتنے فرزندان ِ توحید حج ِ بیت اﷲ شریف ادا کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ربِ رحمان اُن کی دعاؤں کے طفیل مسلمانوں کو آپس میں باہم اتحاد و اتفاق ، ترقی اور دین و دنیا کی تمام بھلائیاں عطا فرمائے ، ہماری برائیوں کو ہم سے دور کر دے اور شریعت مطہرہ کے تابع پاکیزہ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے وجود کو اپنی مخلوق کیلئے نفع کا باعث بنا دے آمین ۔ محفل ِ پاک سے حافظ بشیر احمد سیالوی اور وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربار ِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ عبدالمتین عباسی اور حافظ محمد عامر نے پیش کیا ۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستا ن کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی اور عید الاضحی کی نماز عید گاہ شریف کے وسیع و عریض میدان میں انشاء اﷲ صبح 7:30بجے ادا کی جائے گی۔