عمران کو صدر عرب امارات، آذربائیجان اور سری لنکن ہم منصب کی مبارکباد‘ امریکی وزیر خارجہ ملاقات کیلئے پاکستان آئیں گے

Aug 20, 2018

اسلام آباد‘ دبئی (وقائع نگارخصوصی+این این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔ یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے بھی عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔ آذربائیجان کے وزیراعظم نوروز محمدوف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم عمران خان کومبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ وزیراعظم عمران خان کو سری لنکن ہم منصب نے ٹیلی فون کیا۔ رانیل وکرما سنگھے نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سری لنکن وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کےلئے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔سفارتی اور سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ طور پر امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مائیک پومپیو پاکستانی حکام سے ملاقات میں دو اہم معاملات پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں، جن میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور افغانستان میں امن کے قیام کےلئے امریکی اقدامات پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنا شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مائیک پومپیو کے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ کی عہدیدار برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور سفیر ایلس ویلز کے بھی پاکستان آنے کے امکانات ہیں۔

مزیدخبریں