ایشین گیمز فٹبال ، پاکستان کی نیپال کوہرا کر44 سال بعدپہلی کامیابی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز میں پاکستان فٹبال ٹیم نے 44 سال بعد فتح اپنے نام کرتے ہوئے گروپ میچ میں نیپال کو دو ایک سے شکست دی۔18 ویں ایشین گیمز 2018 کا رنگا رنگ میلہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ہے جہاں مختلف کھیلوں کی کیٹیگریز کے مقابلے ہو رہے ہیں۔ انڈونیشیا میں جاری میگا ایونٹ میں گروپ ڈی میں موجود پاکستان کا آخری میچ میں نیپال سے مقابلہ ہوا، گرین شرٹس کو ابتدا ہی میں اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب 11 ویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی شہباز یونس غلطی سے بال اپنی ہی گول پوسٹ میں پھینک بیٹھے۔ اس کے بعد ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا، 55 ویں منٹ میں محمد بلال نے فری کک پر گول کرتے ہوئے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ 72 ویں منٹ میں کپتان صدام حسین نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی، اس کے بعد کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور یوں پاکستان فٹبال ٹیم کی 1974 کے بعد ایشین گیمز میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کو ویتنام نے تین صفر سے ہرا دیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں جاپان کے ہاتھوں چار صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر گروپ ڈی میں پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔بنگلہ دیش نے قطر کو ایک صفرسے شکست دے کر ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ فاتح ٹیم کی طرف سے جمال نے فیصلہ کن گول کیا ۔ پری کوارٹر فائنل مرحلہ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ سعودی عرب یا ایران کی ٹیم سے ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن