وہاڑی( خبر نگار)تھانہ ماچھیوال کی حدودنواحی گاؤں15ڈبلیوبی میں افسوس ناک واقعہ،پی ٹی آئی کے امیدوارکوووٹ نہ دینے پربااثرافرادنے خودساختہ پنچائیت بناکرعورت کوچھیڑے کاالزام لگادیااٹھارہ سالہ محمدعرفان پنچائیت گردی کی بھینٹ چڑھ گیابااثرافراد نے ظلم کی انتہاکردی۔واقعات کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوارکوووٹ نہ دینے کی رنجش پرغریب محنت کش کے بیٹے پربااثرافرادنے ظلم کی انتہا کر دی اٹھارہ سالہ غریب محنت کش محمدعرفان پرعورت کوچھیڑنے کاالزام لگاکرمنہ کالاکرکے گلے میں جوتوں کاہارڈالنے کے بعدگدھاگاڑی پر سارے گاؤں میں گھمایاگیاوالدمحمدصدیق کاکہناہے کہ جب اس کے بیٹے کامنہ کالاکرکے گدھاگاڑی پربٹھاکرگھمایاجارہاتھا پولیس 15 پر کال کرتے رہے لیکن کسی نے کال اٹینڈ نہ کی۔میں اورمیری بیوی کلثوم بی بی بااثرملزمان کی منت سماجت کرتے رہے جبکہ میری معصوم بیٹی نے ان کے پاؤں پراپنادوپٹارکھالیکن ملزمان کورحم نہ آیا متاثرہ محمدعرفان کی والدہ کلثوم بی بی کاکہناہے کہ میرے بیٹے محمدعرفان پرعورت کوچھیڑنے کا جھوٹا الزام لگاکرانسانیت کی تذلیل کی گئی۔ملزمان دن دیہاڑے میرے بیٹے کامنہ کالاکرکے گدھاگاڑی پرگھماتے رہے چندکلومیٹرکے فاصلہ پر واقع پولیس تھانہ ماچھیوال بے خبررہی ۔حکام سے انصاف کامطالبہ کرتے ہیں۔والدمحمدصدیق نے روتے ہوئے بتایاکہ پنچائیت میں شامل بااثرزمیندارشوکت جٹ،شاہدجٹ،رشیدکھوکھر،یاسین کھوکھر،تسلیم عرف تچھی نے مجھے اورمیرے بیٹے کواپنی صفائی کاموقع تک نہ دیا یکطرفہ فیصلہ کرکے میرے بیٹے کوسزا سنا دی۔