امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں پاکستانی معاشرے کو درپیش اکثر مسائل کا احاطہ کیاہے ۔ بہتر ہوتا اگر وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کا بھی عزم کرتے ، کیونکہ پاکستان کو جن بڑے بڑے مسائل کا سامنا ہے ، ان میں ایک دیرینہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ، نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور پاکستانی دریاﺅں کے پانی کی چوری بھی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کا اصل امتحان شروع ہوچکاہے ۔ افراد کی بجائے قانون اور آئین کی بالادستی ہی مسائل کا اصل حل ہے ۔ ایک پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان میں ہی سب کی بھلائی ہے ۔ جماعت اسلامی مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتی ، اچھا کام کرنے والے کو ہم کھلے دل سے شاباش دیتے ہیں ۔ہم سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستان اور پاکستانی عوام کی بھلائی چاہتے ہیں ۔ بلاشبہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور کرپشن کی موجودگی میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ۔ جماعت اسلامی ایک عرصہ سے کرپشن فری پاکستان اور” احتساب سب کا“ مہم چلا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پانامہ میں شامل دیگر 436 ملزموں کا بھی احتساب ہو اور قومی بنکوں سے قرضے لینے والوں اور دبئی و لندن سمیت بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کو بھی پکڑ ا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے جس کڑے احتساب کا اعلان کیا ہے ، قوم اس کی منتظر ہے ۔ ہم چاہیں گے کہ موجودہ حکومت ایسے قانونی اور عملی اقدامات کرے جس سے کرپشن کے تمام راستے بند ہو جائیں اور ملک لوٹنے والوں کو بچ نکلنے کا موقع نہ مل سکے ۔