جج ارشد ملک کی ویڈیو نہیں بنائی‘ فیصلہ آنے پر تفصیل بتاؤں گا: میاں طارق

اسلام آباد (آئی این پی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق جج احتساب عدالت ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں گرفتار ملزم میاں طارق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کے لیے توسیع کردی ۔ پیر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق جج احتساب عدالت ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں گرفتار ملزم میاں طارق کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم کو اڈیالہ جیل سے لایا گیا۔ دوران سماعت ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کی جانب سے کوئی افسر پیش نہیں ہوا ۔فاضل جج عامر خلیل نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کے لیے توسیع کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے میاں طارق پر احتساب عدالت کے سابق جج محمد ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا الزام ہے۔ ملزم میاں طارق نے کہا ہے کہ میں نے جج کی کوئی ویڈیو نہیں بنائی، سپریم کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد اس کی تفصیل بتاؤں گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا ایک ماہ سے لاپتہ ہے، کچھ پتا نہیں چل رہا میرا بیٹا کہاں ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ آپ کا بیٹا تین ماہ تک ہمارے ساتھ تعاون کرے گا، مجھے نہیں معلوم کس ادارے نے اسے اٹھایا ہے۔ مجھ پر تشدد ہوا، ہاتھ ٹوٹ گیا، کوئی ایکسرے نہیں ہوا صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے جج کی ویڈیو بنائی؟ جس پر میاں طارق نے جواب دیا کیا اعلی عدلیہ کے پاس ہے، ابھی اس پر بات نہیں کروں گا، سپریم کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد اس کی تفصیل بتاوں گا،میں نے جج کی کوئی ویڈیو نہیں بنائی۔

ای پیپر دی نیشن