اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جنرل قمر جاوید باجوہ، پاکستان کی کسی سویلین حکومت کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع پانے والے دوسرے آرمی چیف ہیں۔ ان سے پہلے پیپلز پارٹی کی حکومت نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کو بھی مدت ملازمت میں توسیع دی تھی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی چیف بننے سے بری فوج کے تقریباً سب ہی سٹاف اور کمانڈ عہدوں پر کام کر چکے ہیں اور ان کے پاس پیشہ ورانہ تجربہ کا شاندار تنوع ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 اکتوبر 1980 میں فوج میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں بلوچ رجمنٹ میں کمیشن ملا تھا۔ انھیں فوجی اعزاز نشان امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ کینیڈا کی افواج کے کمانڈ اور سٹاف کالج، امریکہ کی نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی، مونٹیری (کیلیفورنیا) اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ وہ کور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو اسلام آباد میں سکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹیکس میں انسٹرکٹر رہے ہیں۔ وہ انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ایک انفینٹری بریگیڈ کے 16 بلوچ رجمنٹ کو کمانڈ کیا ہے اور شمالی علاقہ جات کے کمانڈر ایف سی این اے میں انفینٹری ڈویڑن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے فوجی کیریئر کے اعلیٰ مراحل میں وہ جی ایچ کیو میں انسپکٹرجنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن تعینات ہوئے۔ وہ 10 ویں کور کو کمانڈ کرچکے ہیں۔ انہیں کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں معاملات کو سنبھالنے کا وسیع تجربہ ہے، بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی۔ انہوں نے 10 ویں کور میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر بھی بطور جی ایس او خدمات انجام دی ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ دہشت گردی کو پاکستان کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔ وہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں بریگیڈ کمانڈر کام کرچکے ہیں۔ وہ ماضی میں انفینٹری سکول کوئٹہ میں کمانڈنٹ رہ چکے ہیں اور ان کے ساتھی کہتے ہیں کہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو توجہ حاصل کرنے کا شوق نہیں اور وہ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔ ان کے ماتحت کام کرنے والے ایک افسر کے مطابق وہ انتہائی پیشہ ور افسر ہیں، ساتھ ہی بہت نرم دل بھی ہیں جبکہ ان کو انتہائی غیر جانبدار سمجھا جاتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے سے قبل انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے عہدے پر تعینات رہے خیال رہے کہ 10 ویں کور پاک آرمی کی سب سے بڑی کور ہے۔ جس کی ذمہ داری لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو سنبھالنا ہے۔
جنرل قمر باجوہ نے فوجی کیرئیر کا آغاز 80ء میں بلوچ رجمنٹ سے کیا، نشان امتیاز سے نوازا جاچکا
Aug 20, 2019