جنرل سرفراز ستار کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بنائے جانے کا امکان ‘جنرل باجوہ کی ملازمت میں توسیع سے زیادہ افسران متاثر نہیں ہونگے

Aug 20, 2019

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی وجہ سے زیادہ افسران کے متاثر ہونے کا اندیشہ نہیں۔ جنرل باجوہ کے بعد موجودہ فہرست میں ،عاصم سلیم باجوہ ، صادق علی اور عامر ریاض 23 ستمبر کو مدت ملازمت پوری کر کے سبکدوش ہو جائیں گے۔ چنانچہ وہ ترقی کیلئے زیر غور آ ہی نہیں سکتے۔ ان کے بعد ایس پی ڈی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار 23 ستمبر 2020 میں ریٹائر ہوں گے۔ اب وہ اکلوتے سینئر موسٹ افسر ہیں اور قوی امکان ہے کہ انہیں نیا چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی بنا دیا جائے گا۔ ان کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا ، ہمایوں عزیز، محمد نعیم اشرف، محمد افضل، شیر افگن اور بلال اکبر اگلے برس دس دسمبر کو سبکدوش ہوں گے۔ جنرل باجوہ کو توسیع نہ ملنے کی صورت میں سرفراز ستار اور ان پانچ افسران میں سے ایک پینل آرمی چیف بنائے جانے کیلئے وزیر اعظم کو بھجوایا جانا تھا۔ اگر سرفراز ستار چیئرمین جوائنٹ چیف کمیٹی کے سربراہ بن گئے تو مذکورہ افسران میں سے ایک افسر فور سٹار جنرل بننے سے محروم رہ جائیں گے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب میں فوجی اتحاد کی سربراہی کی مدت مکمل کر کے وطن واپس آ رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ ترقی سے محروم افسر کو ان کی جگہ سعودی عرب میں خدمات کیلئے نامزد کر دیا جائے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات29 نومبر اپنی مدت مکمل کر کے سبکدوش ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں