افغان کرکٹ بورڈ نے محمد شہزاد کو ایک سال کیلئے معطل کردیا

Aug 20, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کو ایک سال کے لیے معطل کردیا جس کے بعد وہ اس عرصے میں کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔کرکٹ بورڈ نے قبل ازیں محمد شہزاد کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کیا تھا، تاہم اب ان کی معطلی کی مدت ایک سال مقرر کردی گئی ہے۔شہزاد کو بیرون ملک سفر کرنے سے قبل بورڈ سے اجازت لینے کی پالیسی کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا۔وکٹ کیپر بیٹسمین پاکستان کے شہر پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور حال ہی میں وہاں پریکٹس کرتے نظر آئے تھے۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ 'بورڈ کے پاس ملک میں ہی ٹریننگ اور پریکٹس کی تمام سہولیات موجود ہیں اور افغان کھلاڑیوں کو ان مقاصد کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔'واضح رہے کہ گزشتہ سال کرکٹ بورڈ نے محمد شہزاد پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ مستقل طور پر افغانستان میں قیام کریں ورنہ ان کا کنٹریکٹ خطرے میں پڑجائے گا۔'محمد شہزاد نے اپنی زندگی کے ابتدائی سال پشاور میں مہاجرین کیمپ میں گزارے تاہم ان کے والدین کا تعلق افغانستان کے صوبہ ننگرہار سے ہے۔

مزیدخبریں