لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ نے ایک بار پھر دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے ،پاکستان کے بابر اعظم بھی کیریئر کی بہترین پوزیشن پر آگئے ہیں ،بالرز میں یاسر شاہ کو بھی ترقی ملی ہے ۔ ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں 92رنز سکور کرنے والے سٹیو سمتھ نے کیوی کپتان کین ولیمسن سے دوسری پوزیشن چھین لی ہے،وہ اب تک رواں سیریز میں126کی اوسط سے378رنز سکور کرچکے ہیں اور ٹاپ پوزیشن پر فائز بھارت کے ویرات کوہلی سے محض9پوائنٹس پیچھے ہیں ۔ترقی پانے والے دیگر کینگرو بلے بازوں میں ٹریوس ہیڈ(20ویں سے18ویں) اورمارنس لبسشین(98ویں سے82ویں) شامل ہیں ۔انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس(32ویں سے26ویں)،جونی بیئر سٹو(37ویں سے30ویں)اور روری برنز (81ویں سے64ویں) کو ترقی ملی ہے۔عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی تنزلی کے بعد پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین17ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔بالرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر آگئے
Aug 20, 2019