پی ایچ ایف کا ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ

Aug 20, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملک میں کلب ہاکی کی بحالی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کرلیا،سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کہتے ہیں کہ کلب ہاکی کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کریں گے،ملک میں دم توڑتی کلب ہاکی کی بحالی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، ملک بھر میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر کلب ہاکی چیمپئن شپ کروائی جائے گی۔ملک بھرمیں مجموعی طور پر 11سو 44 ہاکی کلب ہیں جن میں سے 605 رجسٹرڈ ہیں،، جن میں پنجاب کے 375، سندھ کے 67، خیبر پختونخواہ کے 126، بلوچستان کے 25 اور اسلام آباد کے 12 ہاکی کلبز رجسٹرڈ ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئن آصف باجوہ کہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول پر ہاکی بحالی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے، جبکہ ڈسٹرکٹ، ریجن اور صوبائی سطح پر کلب ہاکی مقابلے کروائے جائیں گے۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ لاہور میں ٹاؤن کی سطح پر ہاکی لیگ کروائی جائے گی جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کے لئے سپانسرز کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔

مزیدخبریں