وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب اورجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیزکا اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سیکرٹریٹ میں پنجاب اورجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیزکا اجلاس منعقد ہوا،جس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری،پنجاب اورجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیز کے عہدیداران نے  شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اورمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی گئی-اجلاس کے شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہارکیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے تنازع کشمیرپر پاکستان کے موقف کو موثرانداز سے اجاگرکرنے پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔پنجاب میں ہر ضلع کی ایک سڑک اورہر ڈویژن کا ایک پارک کشمیر کے نا م سے منسوب کرنے کا اعلان کرچکا ہوں۔کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ سڑکوں اورپارکس کی جلد نشاندہی کریں۔انہوں نے کہاکہ ایک برس کے دوران خلوص نیت اورمحنت کے ساتھ عوا م کی خدمت کی ہے۔گزشتہ 30برس کے دوران آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے اور عوام کی بنیادی ضرورتیں حل کرنے کے معاملے میں پہلو تہی کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کے تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ایک برس کے دوران پنجاب حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور کفایت شعاری اوربجٹ کی نئی مثالیں قائم کی گئی ہیں۔ پارٹی کے صوبائی عہدیداروں سے ملکر بے حد خوشی ہوئی ہے۔آپ سے ملاقاتوں اورمشاورت کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔صوبے میں پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے مزید مضبوط کریں گے۔پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں کے جائز کام ہرصورت ہوں گے۔میرا کوئی اور ایجنڈا نہیں،صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔وزیراعلی نے کہاکہ ملک اورصوبے کے مفاد میں جو کچھ ہوسکاہر وہ کام کریں گے۔پارٹی کے عہدیداروں اورکارکنوں کو عزت و احترام دیں گے۔وزیراعلیٰ آفس کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے رواں بجٹ میں 35فیصد فنڈ ز مختص کیے ہیں۔جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کسی اورضلع یا کسی اورمقصد کیلئے استعمال نہیں ہوسکیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ پارٹی عہدیداروں کی جس شعبے میں مہارت اورتجربہ ہے اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔آپ کی سفارشات اورتجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں شانہ بشانہ چلیں گے۔ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا ہے،اب نیک نیتی سے صرف کام،کام اورکام ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ لاہورکے سیوریج نظام کو درست کرنے کیلئے 19ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کررہے ہیں۔سابق حکومت نے دس برس کے دوران سیوریج نظام پر صرف تین ارب روپے خرچ کیے۔تعلیم،صحت، زراعت اورصنعت کی ترقی کیلئے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کو نظر انداز کیاگیا۔ہماری حکومت پوٹھوہار،ڈیرہ غازی خان اورراجن پورمیں چھوٹے ڈیم بنارہی ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہاکہ پارٹی کے پنجاب سیکرٹریٹ آمد پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے نچلی سطح تک منظم کیا جارہا ہے۔صوبائی سطح پر بہت جلد تنظیمی کنونشن کا انعقاد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں۔پارٹی جتنی مضبوط ہوگی،اتنی حکومت بھی مضبوط ہوگی۔پارٹی اورحکومتی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔اجلاس میں پنجاب کے سینئر نائب صدر اعجازمنہاس، نائب صدور چوہدری اشفاق،شبیر سیال،جنرل سیکرٹری محمد شعیب صدیقی،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ندیم قادربھنڈر،محمد عارف عباسی، انجینئر عطااللہ خان شادی خیل،رانا ندیم،بریگیڈیئر (ر) ممتاز کاہلوں،شکیل احمد خان نیازی،حافظ عبیداللہ،سیکرٹری اطلاعات عثمان سعیدبسرا،جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ،عائشہ نذیر جٹ،معین الدین قریشی، فرزندگوہر، علی رضا دریشک،سکندربڈھیرا،مصدق شاہ،نعیم وڑائچ اورسیف کھوسہ نے شرکت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن