وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر متحرک ،شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ،کشمیرکی صورتحال پرگہری تشویش ہے:فرانسیسی وزیر خارجہ

Aug 20, 2019 | 21:43

ویب ڈیسک

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔

 وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر ہیں، جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرنے کے بعد فرانسیسی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

دریں اثنا، فرانسیسی وزیر خارجہ نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لا حق ہو سکتے ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس کو اس ساری صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

فرانس کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں کو ٹیلیفونک رابطے کر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کر چکے ہیں۔ جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے ہم منصبوں کو فون کرنے کے بعد آج انہوں نے فرانسیسی ہم منصب کو فون کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

 
 

مزیدخبریں