لاہور (نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کے باعث فی الحال دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنا مناسب نہیں ہوگا۔ غیر ملکی ٹی وی کی دستاویزی فلم میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ بھارت میں جس طرح کی حکومت ہے اور جیسے کشیدہ حالات ہیں، ان میں کرکٹ کھیلنا ایک خوفناک بات ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز ایشز سے بھی بڑا کرکٹ مقابلہ ہوتا ہے، ایشز سیریز کی اپنی اہمیت ہے لیکن پاکستان اور بھارت کی دوطرفہ سیریز کا کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ یہ ایک مختلف کرکٹ ہوتی ہے جس میں ماحول جذبات، تناؤ، دباؤ اور لطف اندوزی کی کیفیت عروج پر ہوتی ہے۔