مسلم لیگ ن، تحریک لبیک کے ارکان‘ کئی آزاد امیدوار مسلم لیگ ق میں شامل 

Aug 20, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا سے ملتان، حافظ آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے ن لیگ، ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں این اے 155 ملتان سے آزاد امیدوار ڈاکٹر خالد خان خاکوانی سابق صدر پی ٹی آئی ملتان، پی پی 126 جھنگ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر محمد آزاد ناصر، پی پی 71 حافظ آباد ٹکٹ ہولڈر ٹی ایل پی (تحریک لبیک پاکستان) سید شعیب شاہ بخاری اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی معروف سیاسی شخصیات ساجد رضا کھیتران اور عابد حسین کھیتران کمالیہ شامل ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ سے محبت کرنے والوں کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ ہم اپنے دوستوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے۔ پرویز الٰہی نے پارٹی میں شامل ہونے والی شخصیات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقے میں جا کر پارٹی منشور کے مطابق آگاہی مہم چلائیں۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنمائوں نے کہا کہ ہمیں شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ خصوصاً 1122، مفت تعلیم، کتابیں، کسانوں کیلئے مراعات، روڈ ٹو مارکیٹ سڑکیں چودھری پرویزالٰہی کے وہ سنہری کارنامے ہیں جنہیں عوام کبھی بھلا نہیں سکتے۔

مزیدخبریں