اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)قومی احتساب بیورو (نیب) و لاپتہ افراد کمشن کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی سے پیش کے لیے مہلت مانگ لی۔جاوید اقبال نے لاپتہ افراد کمشن کے سیکریٹری کے ذریعے سینیٹ کمیٹی کے نوٹس کا جواب بھیج دیا۔جواب میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتا ہوں اور سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہونا اعزاز ہوگا، لیکن آج کل میں آنکھوں کے آپریشن کا امکان ہے جس کے بعد ایک ہفتہ آرام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ آپریشن کے بعد ڈاکٹر ایک ہفتے تک پڑھنے لکھنے سے منع کر سکتے ہیں، لہٰذا کمیٹی سے درخواست ہے کہ 21 اگست کا اجلاس منسوخ کیا جائے۔چیئرمین لاپتہ افراد کمشن کا جواب موصول ہونے کے بعد سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے صحتیاب ہونے کے بعد اجلاس دوبارہ بلایا جائے گا۔