حکومت پولیو زدہ، چل نہیں سکتی، ان ہاؤس تبدیلی بدترین مذاق ہو گا: سراج الحق

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی مکمل سرپرستی کے باوجود دوسال سے حکومت کچھ نہیں کرسکی ۔اسٹیبلشمنٹ کب تک حکومت کوانگلی سے پکڑ کر چلاتی رہے گی ،یہ پولیو زدہ حکومت اپنے پائوں پر چلنے کے قابل نہیںہوسکتی۔ یہ تبدیلی والی نہیں تباہی والی سرکار ہے جس نے عوام کے 730دن ضائع کردیئے ۔ریسرچ کے باوجود حکومت کا کوئی ایک اچھا کام نہیں مل سکتا۔چار وزراء نے تو سچ بول دیا ہے کہ ہم کچھ نہیں کرسکے ۔ ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کے دبائو پرہونے والی قانون سازی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حکومت کی سہولت کار بن گئی ہیں۔ان ہائوس تبدیلی کے حق میں نہیں ،ماموں کی جگہ بھانجے اور چچا کی جگہ بھتیجے کو لانا تبدیلی نہیں ،یہ تماشا قوم کے ساتھ بدترین مذاق ہوگا۔وزیر اعظم اسرائیل کے معاملے پر اگر مگر سے کام نہ لیں واضح طور پر کہیں کہ یہ ڈاکو ہے اور ڈاکو کے ساتھ ڈاکوئوں والا ہی برتائو ہونا چاہئے ۔اسرائیل اژدھا ہے جس سے بچنے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفلاح ہائوس اسلام آباد میں حکومت کی دوسالہ کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کیا۔پر یس کانفرنس میں نائب امیر میاں محمد اسلم ،خیبر پختونخواہ کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان ،اسلام آباد کے امیر انجینئر عظیم رندھاوا ،تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری ، شاہد شمسی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل دیانتدار قیادت میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر اسلامی ممالک نے ہمارا ساتھ دیا، ترکی، ملائیشیا، ایران کا موقف بڑا واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ یحییٰ خان کے دور حکومت میں بنگلہ دیش الگ ہو گیا اور اس حکومت کے ہاتھوں کشمیر کھسک رہا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مارشل لاء کے دور میں بھی میڈیا پر اتنی پابندیاں نہیں تھیںجتنی موجودہ حکومت میں ہیں ۔ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوںکو دھمکیاں ملتی ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اپوزیشن کاشفاف ، غیر جانبدار اور دھاندلی سے پاک انتخابات کے انعقاد پرمتحدہونا ضروری ہے تبھی جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے مزید کہا حکومت نے 29 میں سے 12 بلز ایف اے ٹی ایف کے حکم پر پاس کیے۔جیسے ہی کوئی وزیر مستعفی ہوتا ہے سیدھا بیرون ملک روانہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے درست فرمایا ہے کہ حکومت کو مافیاز چلا رہے ہیں۔قوم پرآٹا مافیا، چینی مافیا، پٹرول مافیا اور ڈرگ مافیا مسلط ہے۔آٹا اور چینی کمیشنز کی رپورٹس آنے کے بعد ان کو محفوظ ایگزٹ دیا گیا۔موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک  پہنچا دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی کرنسی بھی ہم سے زیادہ طاقتور ہے ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...