شیخوپورہ‘ فیروز والہ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر آئل ٹینکر ، ٹرک اور مرغیوں سے بھرے ہوئے ڈالے کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجہ میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر جاں بحق ہو گئے جن کی نعشیں ڈالہ وین کی سیٹیں کاٹ کر باہر نکالی گئیں جبکہ ٹرک کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کا رہائشی آصف اور علی حمزہ مرغیوں کے ڈالے پر مال لوڈ کر کے شیخوپورہ سے گوجرانوالہ جا رہے تھے سیکھم نہر مریدکے کے قریب سامنے سے آئل ٹینکر اور ٹرک آ گئے جو بے قابو ہو کر ڈالہ وین سے ٹکڑا گئے۔ نتیجہ میں ڈالہ وین کا ڈرائیور آصف اور کنڈکٹر علی حمزہ جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرے ٹرک کا ڈرائیور خادم حسین زخمی ہو گیا اس دوران مرغیوں کے ڈالہ میں لوڈ شدہ مرغیاں بھی ہلاک ہو گئیں حادثے کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس واقعہ کی اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچی تاہم مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مرید کے: آئل ٹینکر‘ ٹرک اور ڈالہ ٹکرا گئے: ڈرائیور‘ کنڈکٹر جاں بحق
Aug 20, 2020