اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کے مرکزی صدر معظم بٹ نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اوراس وقت سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔ ان حالات میں عوامی نیشنل پارٹی صوبائیت کو ہوا نہ دے۔صوبہ خیبر پختون خواہ کا نام تبدیل کر کے اسے صرف پختونخواہ کا نام دینے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ملک کو قومیت کی منفی سیاست کرنے والوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے جنھیں روکا جائے۔پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کے مرکزی صدر معظم بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مخالفین بھارت کی ایما پر ملکی مفادات کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں ۔اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے تاکہ سستی بجلی کے نتیجہ میں ملکی معیشت ترقی کر سکے۔بھارت نے خود تو پاکستان کا پانی روکنے کے لئے غیر قانونی طور پر درجنوں ڈیم بنا ڈالے ہیں تاکہ پاکستان کو ریگستان بنایا جا سکے مگر اسکے ایجنٹ پاکستان میں ڈیم بننے نہیں دیتے۔پاکستان مسلم لیگ (قیوم) اپنی پارٹی کی نیشنل ڈیلیبریشن کونسل میں کالا باغ ڈیم کے متعلق فیصلہ کرے گی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا کیونکہ یہ پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی ایم بھی اے این پی کی بی ٹیم ہے جسے ملک دشمن طاقتوں سے بھاری فنڈنگ کی جا رہی ہے جس کا راستے روکا جائے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے بابڑہ کے کیس کو ری اوپن کرنے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔اس کیس کو ایک ہزار بار بھی ری اوپن کیا جائے تو بھی انکی مرضی کا نتیجہ نہیں نکلے گا کیونکہ بابڑہ کے راست اقدام سے ملکی سالمیت کے خلاف بہت بڑی سازش ناکام بنائی گئی تھی۔اگر اس سلسلہ کو روکا نہ جاتا تو ملکی سالمیت زبردست کو نقصان پہنچتا۔
اے این پی صوبائیت کو ہوا نہ دے، صوبے کا نام بدلنے نہیں دینگے،معظم بٹ
Aug 20, 2020