افغانستان : دوبم دھماکوں میں 2افراد ہلاک ،سیکورٹی اہلکار سمیت 6زخمی

کابل/پل خمری(شِنہوا)افغانستان  میں بم دھماکوں میں 2افراد ہلاک اور 6زخمی ہوگئے۔بدھ کو کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے بتایاکہ افغان دارالحکومت کابل میں 2 مختلف مقامات پر ہونے والے 2 دھماکوں میں 2 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے ہیں۔فرامرز نے کہا کہ پہلا دھماکہ پولیس ضلع 12 میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 45 منٹ پر  پولیس کی گاڑی میں نصب مقناطیسی بم سے ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔عہدیدار نے شِنہوا کو بتایا کہ دوسرے دھماکے میں پولیس ضلع 5 میں وزارت تعلیم کی گاڑی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 7 منٹ پر نشانہ بنایا گیا جس میں وزارت کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ دوسری جانب صوبائی پولیس کے ترجمان جاوید بشارت نے کہا ہے کہ شمالی صوبہ بغلان کے دارالحکومتی شہر پلِ خمری میں فوجی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک فوجی اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔بشارت نے مزید کہا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے فوجی گاڑی اسکول کے سامنے سے سڑک عبور کررہی تھی کہ دھماکہ ہو گیا جس کے باعث فوجی اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔دریں اثنا پل خمری میں صوبائی ہسپتال کے سربراہ محب اللہ حبیب نے شِنہوا کو بتایا کہ 2 لاشیں اور وردی میں ملبوس زخمیوں سمیت 11 افراد کو ہسپتال لایا گیا ہے۔تاہم چند عینی شاہدین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکہ سے قومی ڈائریکٹوریٹ برائے سکیورٹی یا ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن