مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام 1442ھ کا چاند نظر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس جمعرات کو مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہ موسمیات (میٹ کمپلیکس) موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے اراکین مولانا قاری محمد حنیف جالندھری،مفتی محمدابراہیم قادری ،مولانا سید عبدالخبیر آزاد،مفتی محمد عارف سعیدی ،علامہ ڈاکٹر عبداللہ غازی، مولانا محمد ظفر سعیدی ،مولاناحافظ عبدالمالک بروہی ، مولانا محبوب علی سہتو، علامہ پیر سید شاہدعلی شاہ جیلانی،آغا گوہرعلی ، غلام مرتضیٰ ڈپٹی چیف منیجر اسپیس اینڈ سائنس (سپارکو)،ڈاکٹر طارق مسعود وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی۔زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی سے مولانا حافظ محمد سلفی،مولاناقاری نذیراحمدنعیمی ،مولاناقاری محمد اقبال،مولانا صابر نورانی،علامہ سید علی کرار نقوی، محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالقیوم بھٹونے فنی معاونت کی اوراجلاس کے لیے سہولت فراہم کی اورڈائرکٹر جنرل وفاقی وزارتِ مذہبی امور سید مشاہد حسین نے رابطہ کار اوراہتمام کے فرائض انجام دیے۔اس کے علاوہ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرپر منعقد ہوئے۔کراچی ، بٹل ،مانسہرہ ، گلگت ، سکھر ، میرپور کشمیر اور کئی شہروں سے کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہوئیں ۔ لہٰذااتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم الحرام 1442ھ جمعہ 21اگست کو ہوگی اور یومِ عاشور اتوار30اگست کو ہوگا۔اجلاس میں اہلِ پاکستان اور تمام امّتِ مسلمہ کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی گئی اور دعا کی گئی کہ آنے والا سال امّتِ مسلمہ اور اہلِ پاکستان کے لئے امن، عافیت ، سلامتی اور استحکام کا باعث ہو۔اجلاس میں اتفاقِ رائے سے پوری قوم سے اپیل کی گئی کہ ماہِ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ تمام مسالک کے خطباء ، واعظین اورذاکرین اپنے خطابات میں ایساانداز اختیار نہ کریں ،جو دوسروں کی دل آزاری کا باعث ہو۔ جمعة المبارک کے خطبات میں عوام سے مذہبی رَواداری اور قومی وملی یکجہتی کی اپیل کریں اور ملک کو داخلی وخارجی سطح پرجو انتہائی مشکل حالات دَرپیش ہیں ، اللہ تعالیٰ ملک وقوم کو محفوظ رکھے۔
#/S