ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کو تبدیل کرکے عاصم افتخار کو نیا ترجمان دفترخارجہ مقرر کردیا گیا، زاہد حفیظ آسٹریلیا میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ نے ترجمان دفترخارجہ زاہدحفیظ چوہدری کو تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاصم افتخار نئے ترجمان دفترخارجہ ہوں گے، زاہد حفیظ آسٹریلیامیں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ان کے پاس ڈی جی ساوتھ ایشیا کا بھی چارج تھا۔یاد رہے رواں سال فروری میں وزیراعظم عمران خان نے کئی ممالک میں پاکستانی سفیروں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی ، جس میں ترجمان دفتر خارجہ زاہدحفیظ کو آسٹریلیا میں ہائی کمشنر تعینات کر دیا گیا تھا جب کہ آسٹریلیا میں تعینات سفیراب ناروے میں پاکستانی سفیر ہوں گے۔خیال رہے اگست 2020 میں وزارتِ خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کیا تھا ، زاہد حفیظ چوہدری وزارتِ خارجہ میں گزشتہ 26 برس سے خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بطور ڈائریکٹر جنرل افغانستان، ایران، ترکی اور جوائنٹ سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی کے عہدے پر ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔زاہد حفیظ چودھری وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر جنرل جنوبی (ساوتھ)ایشیا اور سارک میں تعینات ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری تبدیل ، عاصم افتخار نئے ترجمان دفترخارجہ مقرر
Aug 20, 2021 | 19:50