پورے پاکستان میں سودی کاروبار پر پابندی لگائی جائے: مولانا عبدالخبیر


لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم حضرت بلال حبشی کا یوم منا رہے ہیں جنہوں نے اسلام کے لیے اپنا تن،من اور دھن قربان کیا اور رسول اکرمؐ نے ان کو مؤذن اسلام کا جو عظیم رتبہ عطاء کیا۔آج حضرت بلال حبشی کے کرداراور سیرت کو ہم اپنے سامنے رکھیں کہ انہوں نے اسلام کے لیے کتنی تکالیف کو برداشت کیا۔ ہمیں چاہیے کہ ہمیں انسانیت کے عظمت، انسانیت کا احترام کا درس جو ملا ہے ہم اس پر عمل پیرا ہوں۔ مولانا آزاد نے کہا کہ چودھری پرویزالہٰی وزیراعلیٰ پنجاب کا وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی سودی کاروبار پر پابندی لگانا اسلام سے محبت کا ایک عظیم مظاہرہ ہے۔ ہم چودھری پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب کو سودی کاروبار کے خاتمے کے حوالے سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ پورے پاکستان میں سودی کاروبار اور لین دین پر پابندی لگائی جائے۔ مولانا آزاد نے کہا کہ فیصل آباد میں قوم کی بیٹی خدیجہ کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی گئی اس پر پْر زور مذمت کرتے ہیں۔ مولانا آزاد نے کہا کہ عوام الناس سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ ان کی تکالیف کا ازالہ کیا جاسکے۔آخر میں ملکی سلامتی ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، سیلاب زدگان اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔

ای پیپر دی نیشن