شیخوپورہ (عظیم علی شیخ، سید علی معظم رضوی سے)شیخوپورہ کے شہری درپیش بنیادی مسائل سے عاجز آگئے۔ تفصیلات کے مطابق شہری آبادیوں میں درپیش بنیادی مسائل کے حل کے فقدان پر شہریوں حاجی غلام محمد، منصور خاں، عمران علی نقوی، عظمت علی کمبوہ، بابر خاں، شمشاد خاں و دیگرنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درپیش مسائل کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں کوئی پرسان حال نہیں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن شیخوپورہ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کو تیار نہیں ، افسران و ملازمین اکثر دفاتر میں موجود نہیں ہوتے اور کبھی کبھار کوئی افسردفتر میں موجود پایا بھی جائے تو شہریوں کی شکایت کے اذالہ کیلئے کوئی اقدام اٹھانے کو تیار نہیں ہوتا بلکہ میٹنگ کا بہانہ بنا کر شہریوں کو دفاتر سے واپس بھیج دیا جاتا ہے دوسری طرف ڈھکن غائب ہونے کے باعث کھلے مین ہولز میں گر کر شہری زخمی ہورہے ہیں ، جوہڑوں کی شکل اختیار کرچکا سیوریج کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے لگا ہے ، تجاوزات کی بھرمار نے پیدل چلنا تک دشوار کردیا ہے ، صفائی ستھرائی کانظام غیر فعال ہے جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہونے کے سبب شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کررہا ہے ان ابتر حالات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسروں و ملازمین خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ، اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں اور کسمپرسی کے شکار شہریو ں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔