ن لیگ نے اداروں میں کرپشن کے بیج بوئے جو تناور درخت بن چکے‘ عمر چیمہ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ترجمان پے در پے پریس کانفرنس سے جھوٹ کو سچ ثابت نہیں کر سکتے۔ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کو اعلی عدلیہ نے صادق اور امین قراردیا ہے جبکہ نواز شریف کو عدالت نے سسلین مافیا اور سزا یافتہ مجرم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے دھتکارا ٹولہ بیانیہ بنانے کیلئے عمران خان کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔ عمران خان نے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ دیا‘ ن لیگ اور پی پی ایک بھی رسید نہیں دے سکے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ن لیگ نے اداروں میں کرپشن کے بیج بوئے جو اب تناور درخت بن چکے ہیں۔ سسلین مافیا صرف بھتہ وصول کرنا جانتا ہے۔ فیصل آباد میں خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان قانون کے شکنجے میں ہیں۔ ملزم چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ سسلین مافیا پنجاب حکومت جانے کے صدمے سے شدید پاگل پن کا شکار ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت کے ترجمان سارا دن عمران خان اور پنجاب حکومت کے خلاف بیہودہ اور سازشی بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق میں ایک دوسرے پر پورا اعتماد اور عوامی خدمت کے لئے مکمل ہم آہنگی ہے۔ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن