بڑوں کی ''چھوٹوں''سے اظہار الفت
محمد ریاض اختر
riazakhtar.nw@gmail.com
75واں یوم آزادی اس بار اس لحاظ سے غیر معمولی تقریبات سے بھرپور رہا کہ اس موقع پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے سخت مصروفیت کے باوجود پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کیلئے وقت نکالا۔کنونشن سنٹرمیں پرچم کشائی کی اہم ترین تقریب،قومی ترانے کی نئی دلکش دھن کی رونمائی اور راول چوک فلائی اوورکے افتتاح میں حصہ لینے کے باوجود وزیراعظم سویٹ ہوم کو نہیں بھولے !وزیراعظم کی آمد پر ننھے بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے۔نونہالوں نے بطور مہمان خصوصی انہیں اپنے درمیان پا کر کہا،انکل وزیراعظم ہم آج بہت خوش ہیں!۔جواب میں میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں بھی آج آپ کو خوش دیکھ کر بے حد مسرور ہوں۔ اللہ پاک آپ کے چہرے پر یوں ہی خوشیوں کے چراخ روشن رکھے۔وزیر اعظم اور بچوں کی گفتگو میں سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) مسکرا مسکرا کر دیگر احباب کے ساتھ تالیاں بجاتے رہے…پاکستان سویٹ ہوم ننھے فرشتوں اور پریوں کا گھر)ہے جہاں پاکستان کے ہزاروں یتیم اور بے سہارا بچے زیر کفالت ہیں۔ یہ اورفن ایج ہوم جو معروف سماجی کارکن زمرد خان (ہلال امتیاز) کی زیر سرپرستی ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کر رہا ہے، ایشیا کے ایک بڑے ادارے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ سویٹ ہوم کی شاخیں کراچی، سکھر، سرگودھا، میر علی شمالی وزیرستان، گوجرخان اور اسلام آباد تک پھیلی ہوئی ہیں۔ سویٹ ہوم دنیا کی تاریخ کا پہلا یتیم بچوں کا کیڈٹ کالج بھی بنا چکا ہے جہاں اس وقت 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں جن کی تعلیم و تربیت، رہائش، کھانا اور یونیفارم سب کچھ مفت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر سویٹ ہوم میں منعقد مرکزی تقریب میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بطور خصوصی مہمان شرکت کر کے اپنے ملک و معاشرے کی اقدار کی ترجمانی کی ہے۔ سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وزیراعظم کا پاکستان سویٹ ہوم میں استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی، حنیف عباسی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج کے کیڈٹس نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور مارچ کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے سربراہ زمرد خان کی سماجی خدمات کو بھرپور سراہتے ہوئے یتیم بچوں کے لیے دنیا کی تاریخ کے پہلے کیڈیٹ کالج کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سویٹ ہوم میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں بچوں نے تقاریر اور ملی نغموں سے سماں باندھ دیا۔ اس دوران وزیراعظم بچوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔سب نے ملکر کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کھلایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج 75 واں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے ننھے فرشتوں اور پریوں سے ملنا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں۔ زمرد خان ایک عظیم کام کررہے ہیں۔ زمرد خان نے ہزاروں یتیم اور بے سہارا بچوں کو باپ کا سایہ دیا۔ آج کراچی سے کشمیر تک سیکڑوں یتیم بچے زمرد خان کو پاپا جانی کہہ کر بلاتے ہیں۔ یقیناً یہ یتیموں کی کفالت کرکے دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم خدمت کا صلہ دے گا۔ یہ بہت بڑی خدمت ہے کہ زمرد خان ان یتیم بچوں کو کفالت، تعلیم و تربیت فراہم کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں۔ اس سے بڑی انسانی اور قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔پاکستان سویٹ ہوم کے بچے بہت باصلاحیت اور ذہین ہیں۔ ان بچوں سے مل کر اندازہ ہوا کہ یہاں کس طرز کی اعلیٰ تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان فرشتوں اور پریوں کے لیے جو کچھ ہو سکا انشاء اللہ کروں گا۔ ہمارے ہوتے ہوئے یہ بچے تنہا نہیں۔ حکومت پاکستان زمرد خان کے اس پاکیزہ مشن میںان کی دست و بازو بنے گی۔میں نے زمرد خان صاحب سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ان بچوں کے پبلک ٹرانسپورٹ کے مشکل رہتی ہے تو میں اپنی طرف سے بسوں کا تحفہ آپ کے حوالے کرتا ہوں ۔زمرد خان ہمیں ان بچوں کے لیے جو بھی ذمہ داری دیں گے انشاء اللہ! حکومت پاکستان ہر جائز ضرورت پورا کرے گی۔ ہم اس مشن میں سویٹ ہوم کا بھرپور ہاتھ بٹائیں گے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان سویٹ ہوم اور زمرد خان کے اس عظیم مشن کو مزید وسعت دے کر اس کا اجر عظیم عطا فرمائے۔
؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛