وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات 

Aug 20, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایبک آرتیک بائیو نے  ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا وہ محور ہے جس کے گرد پاکستان اپنی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنا چاہتا ہے۔نوید قمر نے کہا کہ حکومت کا وڑن پاکستان کو تجارت، ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنانا ہے جو افغانستان اور اس سے باہر کے ساتھ رابطے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان نے ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اور قازقستان اور تاجکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر بات چیت کر رہے ہیں۔وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مالی سال 2021-22 کے دوران دو طرفہ تجارت 4.27 ملین امریکی ڈالر رہی جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی۔وزیر تجارت نے کہا کہ پاک کرغزستان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم کا انعقاد 19 سے 20 اپریل 2022 تک اسلام آباد اور 22 اپریل کو لاہور میں ہوا اور خواہش ہے کہ مستقبل میں ایسی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر ہونی چاہئیں۔سید نوید قمر نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق ایم او یو کا مسودہ جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے اور ان کے جواب کا انتظار ہے۔کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستانی فریق کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کریں گے۔ 

مزیدخبریں