اسلام آباد(نا مہ نگار)ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام ریلو(RELO) کے Accessانگلش مائیکروسکالر شپس پراجیکٹ کے تعاون سے انسانی ہمدردی کے عالمی دِن پر تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں 100 کے قریب طلبہ نے شرکت کی۔ اِس موقع پر انہیں انسانی ہمدردی کے عالمی دِن کی تاریخ، اہمیت، افادیت اور مقاصد کے متعلق بتایا گیا۔ ہلالِ احمر کی جانب سے انسانی خدمت سے متعلق سرگرمیوں بارے تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی اور دستاویزی فلم کے ذریعے انسانی خدمت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات دکھائے گئے۔ طلبہ کو خون عطیہ کرنے، ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں سیکھنے کی جانب راغب کیا گیا تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کی بہتر مدد کرسکیں۔ تقریب میں ہلالِ احمر پاکستان کے افسران، عملہ اور رضاکار بھی شریک تھے۔ طلبہ نے خود کو بحیثیت رضاکار رجسٹرڈ کرانے کے عمل میں بھی حصہ لیا تاکہ وہ بھی انسانیت کی خدمت کے سفر میں شریک ہو سکیں۔ اِس موقع پر ہلالِ احمرپاکستان کے چیئرمین ابرار الحق نے کہا کہ آج کا دِن ہمیں اِن لوگوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے انسانی ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، اِن قربانیوں کی بدولت آج بھی انسانیت کی خدمت کرنے والے دنیا بھر میں عدم تحفظ اورکمزور صلاحیتوں کے حامل لوگوں کی مدد کو پہنچتے ہیں۔ انہوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ ہلالِ احمر معاشرے کے تحفظ، ریلیف کی فراہمی اور متاثرہ لوگوں کی مدد کی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ ابرار الحق نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا کی توجہ کلیدی کارکنوں کے اہم کردار کی طرف مبذول کرائی ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ملازم ہیں۔ مشکلات اور صحت عامہ کے خطرات کے باوجود لاکھوں فرنٹ لائن ورکرز نے وبائی امراض کے دوران اپنی ملازمتیں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے تمام انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اس بحران میں لوگوں کی مدد کے لیے بے مثال رسائی کی رکاوٹوں پر قابو پا رہے ہیں۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہلال احمر،حکومتوں، موو منٹ پارٹنرز، محکمہ صحت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کے کام کو محفوظ بنانے کے لیے تمام فورمز پر جدوجہد کر رہا ہے۔واضح رہے کہ انسانی ہمدردی کا عالمی دن ہر سال 19 اگست کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو عالمی سطح پر ان دلیردلوںکو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تسلیم کیا جاتا ہے جو انسانیت کے لیے آگے آنے اور کام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ اس سال کا عنوان جس کا مقصد انسانی ہمدردی کے کام کی اہمیت، افادیت اور مثبت اثرات کو ظاہر کرنا ہے۔
ہلالِ احمر معاشرہ کے تحفظ‘ ریلیف کی فراہمی کیلئے کو شاں ہے ،ابرار الحق
Aug 20, 2022