لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی اخبار ’’گارجین‘‘ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے ملعون رشدی پر چاقو سے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اخبار سے انٹرویو میں کہا ہے کہ مصنف کے خلاف مسلمانوں کا غصہ سمجھ میں آتا ہے لیکن حملے کا جواز نہیں بنتا۔ اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے دوران انٹرویو کہا کہ میرے خیال میں یہ خوفناک‘ افسوسناک ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سلمان رشدی سمجھ گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتا ہے‘ وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبر کی محبت‘ احترام‘ تعظیم کو جانتا ہے‘ وہ جانتا تھا لیکن جو ہوا اس کا جواز نہیں بنتا۔ خیال رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ اخبار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ افغان خواتین اپنے حقوق کیلئے اصرار کرینگی کیونکہ افغان لوگ بڑے مضبوط لوگ ہیں تاہم اگر طالبان پر باہر سے دباؤ ڈالا گیا تو وہ اس کو پسند نہیں کرینگے۔ انٹرویو میں عمران خان نے اپنی شہرت کو ایک اعتدال پسند کے طور پر سامنے لانے کی خواہش ظاہر کی۔
ملعون رشدی: عمران نے حملہ بلا جواز قرار دے دیا ، بر طانوی اخبار
Aug 20, 2022