طالبہ تشدد کیس، پتہ فیصل آباد کا یہاں ، گھومنے آئی سو چا ضمانت کرالوں 

Aug 20, 2022


اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق  نے فیصل آباد میں لڑکی پر تشددواقعہ میں مرکزی ملزم شیخ دانش علی کی بیٹی انا علی کی جانب سے دائر حفاظتی ضمانت کی درخواست میں درخواستگزار کی  رہائش سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا۔دائر درخواست میں کہا  گیا کہ میں کم عمر ہوں پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے،جائے وقوعہ پر موجود  نہیں تھی  متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہوں حفاظتی ضمانت دی جائے،  عدالت نے استفسار کیاکہ یہ مقدمات کدھر درج ہیں؟ الزام کیا ہے؟، جس پر عدالت کو بتایاگیاکہ فیصل آباد میں گھر پر تشدد کا معاملہ ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ نے زیادتی کی ہے، سسٹم کو شکست دینے کے لیے پٹیشنر کو یہاں لے آئے ہیں،اس پر وکیل نے کہاکہ پٹیشنر اس وقت اسلام آباد میں اپنی والدہ کے ساتھ رہ رہی ہے؟، عدالت نے کہاکہ مگر آپ نے اسلام آباد کا ایڈریس ہاتھ سے لکھا ہے، مستقل اور موجودہ ایڈریس تو فیصل آباد کے ہیں، گھومنے اسلام آباد آئی ہو گی تو سوچا چلیں عدالت سے ضمانت بھی کروا لیں، انا علی نے کہاکہ میں باہر سے واپس آئی اور9اگست سے پہلے سے اسلام آباد رہ رہی تھی،یہ بتائیں کہ صرف ضمانت کے لیے اسلام آباد آئے یا پہلے سے اسلام آباد تھے؟، آپ نے ثابت کرناہے کہ آپ اسلام آباد میں کب سے رہائش پذیر ہیں، وکیل نے کہاکہ درخواست گزار  کی والدہ نے  خلع لے لیا ہے اسی وجہ سے الگ رہ رہے ہیں،  سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔

مزیدخبریں