غیر قا نونی قبضے والے کشمیر میں قبل از وقت الیکشن ، دھاندلی کی بھارتی کو ششں مسترد: پاکستان 

Aug 20, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قبل از انتخابات دھاندلی اور جوڑ توڑ کی بھارت کی دانستہ کوششوں کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عارضی رہائشیوں بشمول بیرونی افرادی قوت اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی بطور ووٹر رجسٹر کرنے کی اجازت دینے کا تازہ ترین اعلان نام نہاد انتخابات کے نتائج کو متاثر کرنے کے بھارتی مذموم منصوبہ کا واضح مظہر ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ان تمام اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا جن کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے جس میں نام نہاد حد بندی کمشن کی تشکیل اور اس کی بے بنیاد رپورٹ، لاکھوں بیرونی افراد غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل کا اجرا اور جائیداد کے قوانین میں تبدیلیاں شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد اپنے قابل مذمت اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کی خواہشات کو توڑنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو بے بنیاد الزامات کے تحت حراست میں لیے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کرنا چاہیے۔ عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غیرقانونی قبضے والے  کشمیر میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو متاثر کرنے کی صریح بھارتی کوششوں کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو اس کا ذمہ دار ٹھہرائے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ، اسلحے کے عدم توازن پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں، ہم اقوام متحدہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکے ہیں جبکہ بھارت کی 70 فیصد تعیناتی و ہتھیاروں کی تنصیب پاکستان کیخلاف ہے۔ بھارت نے 2.5 ملین ووٹرز کو ووٹ کے حق کے لیے جعلی طور پر رجسٹر کیا ہے جس کا مقصد ان انتخابات پر اثرا انداز ہونا اور مسلم ووٹ کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی پولیس نے  زیر تسلط کشمیرمیں زیرحراست محمد علی حسین نامی کشمیری کو قتل کیا، یہ راولا کوٹ کے ضیا مصطفیٰ کے بعد دوسرا ماورائے عدالت جعلی قتل ہے۔ 5 اگست 2019 ء سے  جب  تک 666 کشمیری شہید ہوچکے ہیں، بھارتی جارحانہ اقدامات کے باعث سرحد پار سے کوئی مثبت آثار دکھائی نہیں دے رہے، اس ہفتے  کشمیر میں بھارتی پرچم کی زبردستی تنصیب کا عملی مظاہرہ دیکھا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے قطر کا دورہ کریں گے۔ افغان اثاثہ جات کو غیر مشروط غیر منجمد کیا جانا چاہئے۔  سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں رکن ممالک کی قیادت موجود ہوگی۔ وہاں موجود اراکین کی سیاسی قیادت کے درمیان ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ان ملاقاتوں کے حوالے سے جلد آگاہ کریں گے۔ بھارتی طیارے سے آنے والے 12 افراد کے بارے میں سول ایوی ایشن بتاسکتی ہے۔

مزیدخبریں