اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان میں ہمت، جرات اور حوصلہ ہے تو بتائیں کون سی ایجنسیوں اور لوگوں نے انہیں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے بارے میں بریفنگز اور رپورٹس دیں؟، چیف الیکشن کمشنر کی گارنٹی کس نے دی؟۔ اداروں کے بیرونی سازش کے جھوٹے بیانیہ میں ساتھ دینے سے انکار پر عمران خان ان کے خلاف ہوگئے۔ عمران خان ہر ادارے میں ایک جاوید اقبال چاہتے ہیں۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی ہر بات میں منافقت، جھوٹ، ڈرامے بازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان کو فارن ایجنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر نہ کرنے کی گارنٹی دی گئی تھی؟۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سے سوال پوچھیں تو وہ جواب نہیں دیتے۔ نواز شریف پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے تھے، نواز شریف نے جواب دیا تھا، انہیں پتہ تھا کہ انہوں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف کوئی ادارہ اور کوئی دوست ملک نہیں چھوڑا، عمران خان نے ایف آئی اے، این سی اے میں جا کر جھوٹے ثبوت پیش کئے، ڈیوڈ روز کو بلا کر جھوٹے ثبوت دیئے۔ میڈیا سیمینار کر کے میڈیا کی آزادی کے دشمن بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بے گناہوں کو جیلوں میں رکھا اور آج کہتے ہیں کہ مجھے نہیں پتہ تھا، مجھے ایجنسیاں بریفنگ دیتی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پانامہ کا جال بچھایا گیا، انہیں سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کہا گیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تین بار کے منتخب وزیراعظم کو نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات پر جج ارشد ملک کی گواہی آئی کہ مجھ پر دبائو ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فاشسٹ، ظالم، جھوٹے، نالائق، نااہل شخص ہیں، ان کا نواز شریف کے ساتھ کیا موازنہ۔ عمران خان نے نواز شریف کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان سے اقتدار کی کرسی چھن جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا، وہ وفاق کی اکائیوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کرتے ہیں، اداروں کے اندر اپنے چیف آف سٹاف کے ذریعے بغاوت کی کال دلواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے ہوس میں اتنا آگے چلے گئے کہ انہوں نے لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہدا کے خلاف اپنے ٹرولرز اور پارٹی ترجمانوں سے مہم چلوائی۔ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹس خود ان کے اپنے ڈاکٹرز نے دیکھیں جو کہہ رہے ہیں کہ شہباز گل بالکل فٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کو کیمرہ دیکھ کر سانس کی تکلیف ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت تباہ کی، لوگوں کو بے روزگار کیا، مہنگائی کی، کیونکہ ان کی ترجیح ان چیزوں کو ٹھیک کرنا نہیں تھی اور جب دوسری حکومت آئی تو انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سازش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانا تھا تو اس وقت کراتے جب ان کے پاس اختیار تھا، وہ خود وزیراعظم تھے۔ ان کے پاس پنجاب، خیبر پختونخوا اور وفاق کی حکومتیں تھیں، وہ اسمبلیاں تحلیل کرتے اور کہتے کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے اور میں الیکشن میں جا رہا ہوں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چار سال تک سی پیک کے منصوبوں کو روکے رکھا۔ حکومت عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کرے گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ جہاں قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے‘ اس کا حساب لیا جائے گا چاہے وہ عمران خان ہو یا شہباز گل۔
عمران بتا ئیں کو نسی ایجنسیوں نے الیکشن کمشنز کی ضمانت ، ن لیگ ، پی پی پی سے متعلق بر یفنگز دیں
Aug 20, 2022