گجرات؍ لاہور (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ گجرات آمد پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا - وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے ظہور الٰہی پیلس گجرات میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، نوکریوں پر پابندی اٹھا لی ہے - گجرات کو آج سے باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا ہے - کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنا رہے ہیں - کنجاہ اور جلالپورجٹاں میں ریسکیو1122 سنٹربھی قائم ہوں گے- گجرات سے حافظ آباد دو رویہ سڑک اور منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کو ملانے کے لئے دریائے چناب پر قادرآباد کے قریب پل بنائیں گے گجرات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائی جائے گی، پرویزالٰہی نے کہا کہ عزیز بھٹی ہسپتال میں 500 بیڈ تک اپ گریڈ کیا جائے گا-وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 500 بیڈ تک اپ گریڈ کریں گے-گجرات شہر میں زچہ بچہ اور کینسر ہسپتال بھی بنائے جائیں گے- گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنائیں گے اور سکولوں اور کالجوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، وقت دور نہیں جب گجرات دور جدید کا علی گڑھ بن جائے گا- وزیر اعلی نے کہا کہ دوسرے شہروں میں گجرات کی نسبت تین گنا زیادہ کام کریں گے لاہور میں ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ترکش کمپنی سے اچھی کمپنی لائیں گے -انہوں نے مزید بتایا کہ زمینداروں کو بغیر سود سولر پمپ دے رہے ہیں -خصوصی افراد کو نوکریاں دیں گے، نابینا افراد کے لئے الاؤنس بحال کر دیا ہے-سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں گے -پنجاب کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو1122 کیلئے ایمبولینسیں دی گئی ہیں -ہر ڈویژن میں سیف سٹی کا نظام لائیں گے - فری لیگل ایڈ بحال اور جیل ریفارمز پر دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں - وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کوئی کام نئے سرے سے نہیں کر رہے بلکہ جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے وہاں سے دوبارہ شروع کر رہے ہیں - ہر شعبے میں ایک ماہ کے اندر کام نظر آنے شروع ہو جائیں گے-عوام کی کوئی ڈیمانڈ نہیں بچے گی، سارے وعدے پورے کریں گے جب عوام کے سارے کام کر لوں گا تو پگ پہنوں گا- وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اب بھی عمران خان ہی ہیں، گجرات والوں نے دل سے تسلیم کیا ہے -ستمبر میں عمران خان آئیں گے تو انہیں گجرات والوں کے شاندار استقبال کا پتہ چل جائے گا چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لیپ ٹاپ دینے سے کچھ نہیں ہوتا، عملی کام کرنا پڑتا ہے - شہباز شریف لیپ ٹاپ دیتا رہا اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا- انہوں نے کہا کہ ہم دین کا کام کر رہے، نجی طور پر سود ی کاروبار کا خاتمہ کر رہے ہیں، خلاف ورزی پر پانچ سال سزا ہوگی- اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین، سابق وفاقی وزیر ورکن قومی اسمبلی مونس الہی، حسین الہی، موسی الہی ایم پی اے،عبداللہ یوسف وڑائچ، شجاع نواز، پیر شمیم بخاری، مامون تارڑ اورعلاقے کی دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔