ملیر ندی میں بہنے والی کار میں سوارفیملی کی مزید 3 نعشیں مل گئیں

Aug 20, 2022


 کراچی (نیوز رپورٹر) نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے لنک روڈ پر سیلابی ریلے میں بہنے والی کار میں سوار 7 افراد میں سے مزید 3 افراد کی لاشیں مل گئیں جس کے بعد لاشوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب حیدرآباد کا رہائشی 45سالہ ذیشان اپنی اہلیہ اور 4 بچوں کے ہمراہ رینٹ اے کار میں واپس اپنے گھر جارہا تھا کہ ملیر ندی میں ڈملوٹی کے مقام پر کار حادثے کا شکار ہوگئی۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت 7 افراد سوار تھے جن میں ذیشان، اس کی اہلیہ 40 سالہ رابعہ ، ان کے بچے 15 سالہ حمنہ، 12 سالہ ایان ، 10 سالہ عباد الرحمن اور 8 سالہ موسی شامل تھے۔ واقعے کے بعد سے ملیر ندی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری تھی، آج جمعہ کو ذیشان انصاری، اس کے بیٹوں عباد اور ایان کی لاشیں ملی گئیں جب کہ جمعرات کو  بچوں حمنہ اور موسیٰ کی لاشیں مل چکی ہیں۔ ایدھی حکام کے مطابق مجموعی طور پر پانچ لاشیں مل چکی ہیں جب کہ بچوں کی والدہ رابعہ اور ڈرائیور عبدالرحمن کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا۔

مزیدخبریں