لاہو ر( کامرس رپورٹر) چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ خان سنبل سے انٹرنیشنل فنڈ برائے ایگریکلچر ڈویلپمنٹ (IFAD) کے تین رکنی وفد ریجنل ڈائریکٹر ایشیا اینڈ پیسفک ریجن ریحانہ رضا، کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ہیوبرٹ بوئرارڈ اور سینئر پورٹ فولیو ایڈوائزر مسٹر لیام کی پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں ملاقات ہوئی۔ جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نے ضلع بھکر اور لیہ میں سدرن پنجاب پاورٹی ایلیویشن پراجیکٹ (SPPAP) میں IFAD کے حالیہ دورے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے موثر نتائج شاندار کامیابی ہے۔ سدرن پنجاب پاورٹی ایلیویشن پروجیکٹ پی اینڈ ڈی بورڈ کا ایک متحرک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 2 لاکھ 71 ہزار556غریب گھرانوں تک رسائی حاصل کی ہے۔ یہ انتہائی صنفی حساس منصوبہ ہے جو کہ خواتین کو واحد مستفید کنندگان کے طور پر یا ان کے لیے کوٹہ متعین کر کے غریب خواتین کی شمولیت کو یقینی بناتا ہے۔ جس میں مجموعی طور پر 75% مستفیدین غریب خواتین ہیں۔کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ہیوبرٹ بوئرارڈ نے پنجاب پاورٹی ایلیویشن اقدام (PPGI) کے ذریعے سدرن پنجاب پاورٹی ایلیویشن پروجیکٹ میں صوبہ پنجاب کے مزید 10 پسماندہ اضلاع کی شمولیت کے حکومت پنجاب کے فیصلے کو سراہا۔ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سہیل انور نے اجلاس کو IFAD سے 84.722 امریکی ڈالر (83%) کی امداد بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ کلیدی اہداف کی پیشرفت میں 102,047 مستحقین کو چھوٹے رمینٹ (2 بکرے پیکج) کی فراہمی، 4983 چھوٹے اراضی پلاٹوں کی فراہمی اور 4931 کم لاگت والے مکانات کی تعمیر، بالترتیب 34862 اور 9081 مستحقین کو پیشہ ورانہ اور کاروباری تربیت کی فراہمی، 11667 غریب خاندانوں کو فوڈ بنک کی فراہمی، 10057 چھوٹے کسانوں کو پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اقدام کے پیکج کی فراہمی اور 822 کمیونٹی سروس پرووائیڈرز کو جدید زرعی آلات کی فراہمی شامل ہے۔ اجلاس میں پی اینڈ ڈی بورڈ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
سدرن پنجاب پاورٹی ایلیویشن پروجیکٹ متحرک فلیگ شپ منصوبہ :عبداللہ خان سنبل
Aug 20, 2022