فلاح دارین کے لئے نبی کریم ‘ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے مثالی کردار سے رہنمائی کی ضرورت ہے‘ علماءو مشائخ

Aug 20, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) دارالعلوم قمرالاسلام کے زیر انتظام سالانہ عظیم الشان عظمت امام حسین کانفرنس سے خطابات میں علماءو مشائخ نے امام عالی مقام کی عظمت قرآن و حدیث کی روشنی میںبیان کرتے ہوئے آپ کی گوناگوں عظیم نسبتوں اور حق و صداقت کی سربلندی کے لیے آپ کی فقید المثال قربانی کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ حضرت امام حسین کو اہل بیت عظام کی فضلیتیںبھی حاصل ہیں اور صحابہ کرام کی بھی اور خصوصی طور پہ آپ کی فضیلت میں کثیر احادیث صحیحہ ہیں ۔ علاوہ ازیں حق و صداقت کی سربلندی کے لیے آپ نے خانوادہ اہل بیت کی معیت میں ایسا فقید المثال کردار ادا کیا جس کے باعث آپ کو حق و صداقت کی پہچان اور توحید و رسالت کی بنا کا مرتبہ حاصل ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام آل و اصحاب رسول کی محبت اور تعظیم و تکریم ایمان کا لازمی جز ہے اس کے بغیر ایمان مکمل ہی نہیں ہو پاتا ،فلاح دارین کے لیے نبی کریم ﷺ اور آپ کے اہل و اصحاب کی سچی محبت اور اُن کے مثالی کردار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ کانفرنس سے پیر سید عظمت علی شاہ ہمدانی ، علامہ ڈاکٹر کوکب نورانی ، پیرزادہ فاروق حیدر شاہ ہمدانی ، نوخیز خطیب حافظ شمس الدین نے خطاب کیا ۔ ترگ شریف کے پیرزادگان، موہڑہ شریف کے خلیفہ صوفی صابر زمان، مولانا محمد شریف قاسمی ،مولانا محمد اقبال قادری ، پیرزادہ سید محمد ازہر ہمدانی ،مفتی محمدرمضان تونسوی ، صوفی عبدالطیف ہزاروی ،مفتی محمد نوید عباسی ، مولانا لیاقت حسین قریشی ، مولانا اللہ بخش چشتی ،مفتی حضرت اللہ شاذلی ، مولانا محمد آصف اویسی ، مفتی محمد ندیم چشتی، حافظ فضل عظیم قادری سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں علماءو مشائخ کرام ، ، مدارس دینیہ کے مدرسین و مہتممین ،مساجد کے ائمہ و خطباء، دینی اور سماجی تنظیمات کے زعماءشریک ہوئے ۔ بارش کے باوجود جلسہ گاہ کھچا کھچ بھری ہوئی تھی جو آل ِ پاک مصطفی ﷺ کے ساتھ اہل ایمان کی محبت کا بین ثبوت ہے ۔ 
دارالعلوم قمرالاسلام 

مزیدخبریں