کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایس آئی یو ٹی شہریوں کو بلاامتیاز و تفریق گردوں کی بیماریوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے یہ وہ ادارہ ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی سے چل رہا ہے اور شہریوں کا بھرپور اعتماد اس ادارے کو حاصل ہے، کراچی کویہ فخر حاصل ہے کہ یہاں ڈاکٹر ادیب رضوی جیسے عظیم لوگوں نے طب کے شعبے میں انسانی خدمت کی شاندار مثال پیش کی ہے، ان خیالات کا اظہار
انہوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی کی دعوت پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی اور سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت انتظامیہ کے دیگر افسران سے ملاقات کی اور اسپتال کی توسیع سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ڈاکٹر ادیب رضوی کی اس ادارے کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے سول اسپتال کے ایک وارڈ سے شروع کرکے آج اسے یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے ایک مکمل اور جدید ترین اسپتال میں تبدیل کردیا ہے جس سے آج کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں گردوں کے امراض میں مبتلا ہزاروں مریض مستفید ہو رہے ہیں اور یہ ادارہ ایسے لوگوں کے لئے امید کی کرن بن چکا ہے، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو بتایا گیا کہ ایس آئی یو ٹی میں ملک کے مختلف شہروں سے مریض آتے ہیں اور اس کے مختلف شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پر 1200 کے قریب او پی ڈی ہوتی ہے جبکہ سینکڑوں مریضوں کو علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل کیا جاتا ہے، ایس آئی یو ٹی کی ایک اور 14منزلہ عمارت زیر تعمیر ہے جس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں گردوں کے امراض کے علاج کی مزید سہولیات میسر آئیں گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایس آئی یو ٹی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
مرتضیٰ وہاب
ایس آئی یو ٹی شہریوں کو بلاامتیاز و تفریق گردوں کی بیماریوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے
Aug 20, 2022