اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ہفتہ کے روزنامہ نوائے وقت ہاﺅس زیرو پوائنٹ میں دی نیشن اور نوائے وقت کے دفاتر کا دورہ کیا اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر عاصم کھچی بھی ان کے ہمراہ تھے نوائے وقت ہاﺅس آمد پر ایڈیٹر دی نیشن سلمان مسعود اور ریزیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت عزیز علوی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی کا خیر مقدم کیا اور انہیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی سلمان مسعود نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ مرتضی سولنگی جنہیں پرنٹ، ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا میں وسیع تجربہ ہے وہ موثر انداز میں کامیابی سے وزارت اطلاعات کے امور چلائیں گے میری مرتضی سولنگی سے ایک عشرہ سے زیادہ عرصے سے رفاقت ہے اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اس وقت پولیرائزڈسیاسی ماحول میں بہتری لانی ہے اور میرا یہ عہد ہے کہ مکمل غیر جانبداری سے امور چلاﺅں گا، ، مثبت تنقید کا خیر مقدم کرونگا، میرا کسی سیاسی گروپ سے کبھی تعلق نہیں رہا تاہم آئین اور جمہوریت کے حوالے سے میرے خیالات ہمیشہ سے واضح ہیں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نگران حکومت ملک میں الیکشن کمیشن کے تحت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے عمل میں مکمل مددگار اور معاون ہوگی انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے پیشرو وزرائے اطلاعات مریم اورنگزیب، قمر زمان کائرہ، شیریں رحمان، فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور شبلی فراز سب سے رابطہ کر کے ملاقات کی میں بطور ایک آزاد صحافی اور تجزیہ نگار کے اپنی موجودہ قانونی اور آئینی ذمہ داریوں کومنفرد طور پرادا کروں گا جب تک میں اس منصب پر فائز ہوں میں اپنی ذمہ داریوں کے مطابق امور چلاﺅں گا۔ اس موقع پر ایڈیٹر دی نیشن سلمان مسعود نے رائے دی کہ پاکستان ٹیلیویژن سیاستدانوں کے درمیان بحث شروع کرائے ان کی اس رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا کہ اہم پالیسی امور پر موثر بحث ہوسکے گی عزیز علوی نے کہا کہ ایک ورکنگ جرنلسٹ کی نگران کابینہ میں شمولیت خوش آئند امر ہے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس کے باوجود کئی چیلنج بھی ہیں تاہم موجودہ نگران حکومت میں شامل افراد اپنے اپنے شعبوں کے ماہرین ہیں یہ ایک اچھی نگران کابینہ ہےملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور نگران حکومت اپنے آئینی مینڈیٹ کے مطابق ذمہ داریاں انجامِ دے رہی ہے۔