لاہور (کامرس رپورٹر) ماضی کی غلطیاں ملک کو پہلے ہی سنگین معاشی بحران کی طرف لے جاچکیں‘ موجودہ حکومت کو قومی معیشت کی قیمت پر ایسی غلطیوں کو دہرانے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں انجم نثار نے ہفتے کے روز انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر لاہور میں دو روزہ آٹھویں کلر اینڈ کیم ایکسپو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے منعقد کی گئی ہے جو اتوار کو بھی جاری رہے گی۔ اس موقع پر پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمان سہگل بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد نمائش کے آرگنائزر راشد الحق نے مہمان خصوصی اور دیگر معززین کو نمائش کے بارے میں بریفنگ دی۔ نمائش کے دوران امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکسٹائل، کیمیکل اینڈ کلرسٹ کے پاکستان چیپٹر کا بھی آغاز کیا گیا، عبدالرحیم چغتائی کو اس کا صدر مقرر کیا گیا ۔ انجم نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مقامی صنعتوں اور قومی معیشت کی ترقی کیلئے مواقع پیدا اور کاروبار ی لاگت کم کرنی ہو گی۔ پاکستان کو نئے صنعتی یونٹس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سارک ممبران کے درمیان علاقائی تجارت کو بڑھانے پر زور دیا۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر نے کہا کہ خام مال کی درآمد اور شرح سود کو کم کرنا ہو گا۔