کیف (نوائے وقت رپورٹ) روس کے یوکرائن کے شہر چرنی ہیو میں میزائل حملے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق چرنی ہیو کے وسطی علاقے میں روسی میزائل حملے سے ہلاک ہونے والوں میں چھ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق میزائل حملے میں 12 بچوں اور 10 پولیس اہلکاروں سمیت 90 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ میزائل حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ مسیحی تہوار کے لیے چرچ کی طرف جارہے تھے۔ دوسری جانب روسی فوج نے یوکرائن کے ڈرون حملے ناکام بنا دیئے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ماسکو کی طرف فائر کیا گیا یوکرائن کا ڈرون راستے میں ہی روک کر گرا دیا گیا۔ یوکرائنی ڈرون گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ یوکرائن سے ملحقہ سرحدی علاقے بلگورود میں بھی یوکرائنی ڈرون کو مار گرایا ہے۔ یوکرائن کی جانب سے روس پر ڈرون حملوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔