غربت، گھریلو جھگڑے، رشتہ کا تنازعہ، 3 خودکشیاں

لاہور؍واربرٹن؍ میاں چنوں (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) واربرٹن کے نواحی گائوں میں غربت اور بیوی کی ناراضگی سے تنگ آکر نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر جان دے دی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی ۔ مصطفی آباد کے رہائشی محمد اکرم کھرل کا 25 سالہ بیٹا محمد ارشد جو تین بچوں کا باپ بتایا جاتا ہے، نشے کا عادی تھا اور دو ماہ سے اس کی بیوی ناراض ہو کر اپنے میکے گئی ہوئی تھی یہ کہ گزشتہ دوپہر اپنے ہی گھر میں چھت سے رسہ ڈال کر گلے میں پھندا ڈال کر لٹک گیا اور جان دے دی۔ نشتر کالونی کے علاقے میں55 سالہ شخص نے مبینہ طور پر چھت سے نیچے کود کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے خودکشی وقتل سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ سلیمان بلاک میں 55 سالہ طارق ظہیر نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر مبینہ طور پر عمارت کی چھت سے نیچے کود کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ دریں اثناء میاں چنوں کے نواحی گاؤں میں رینجرز کے ملازم نے رشتہ کے انکار پر خودکشی  کر لی۔ نواحی گائوں 3/8AR کا رہائشی محمد ثقلین ولد محمد یار جو کہ رینجرز میں ملازم تھا گھر چھٹی پر آیا ہوا تھا۔ شادی کے لیے رشتہ کے تنازع کی وجہ سے پسٹل کے ساتھ سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ تحصیل میاں چنوں میں خودکشی کرنے کا تیسراکیس ہے۔ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کرنعش کو THQ ہسپتال میاں چنوں منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ای پیپر دی نیشن