اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 9 مئی کا حملہ اچانک نہیں بلکہ مکمل منصوبہ بندی سے کیا گیا۔ 9 مئی کے حملہ آوروں سے مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حملہ آوروں کو سزائیں دلوانا ہماری اولین ترجیح ہو گی۔ ریاست کی بنیادیں ہلانے کی کوشش کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جب ملٹری پر حملہ ہو گا تو مقدمہ بھی ملٹری کورٹ میں چلے گا۔ دریں اثناء نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی۔ سعودی سفیر کی جانب سے نگران وزیر داخلہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔ نگران وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔
سعودی سفیر کی ملاقات، 9 مئی کے حملہ آوروں پر مز ید سختی کی ضرورت: سرفراز بگٹی
Aug 20, 2023