عثمان رضوی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم " مستانی" ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں آمنہ الیاس اور عفان وحید ہیں۔دونوں پہلی بار ایک ساتھ کسی فلم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز آمنہ الیاس اور عفان وحید نے فلم کے ڈائریکٹر اور پرڈیوسر کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کی۔ اداکار عفان وحید نے کہا کہ مجھے جب یہ فلم آفر ہوئی تو کہانی پڑھی اچھی لگی مجھے میرا کردار بہت اچھا لگا۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس میں آمنہ الیاس بھی کام کررہی ہیں یہ پتہ چلاتو میں نے ہاں کردی۔ یقینا یہ میری پہلی فلم ہے اور میں بہت نروس بھی ہوں لیکن مجھے یقین ہے کہ ہماری اس فلم کو شائقین ضرور پذیرائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی بہت پاورفل ہے اس میں چند سوشل ایشوز کو بھی ڈسکس کیا گیا ہے۔اس فلم کا ایک بڑا حصہ سردی میں شوٹ ہوا اور ہمیں گرمیوں کے موسم کے کپڑے زیب تن کرنے تھے۔بہت مشکل تھاایسا کرنا لیکن ہم نے کیا۔اداکار عفان وحید نے مزید کہا کہ جب ہم نے یہ فلم شروع کی تھی تو لگتا تھا کہ میری پرموشن ہوئی ہے اب ایسا لگتا ہے کہ آڈینز ہی فیصلہ کرے گی کہ پرموشن ہوئی ہے یا ڈی موشن۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلم کیسی ہے یا آپ کو کیسی لگے گی اس کے حوالے سے میں کچھ زیادہ کہہ نہیں سکتا لیکن میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ ا سکا سکرپٹ مکمل فلم والا ہی ہے دیکھنے والے اس کے ہر سین سے محظوظ ہوں گے۔ جہاں تک آمنہ الیاس کے ساتھ کام کرنے کی بات ہے تو ان کے ساتھ کام کرنا ایک یادگار تجربہ ہے وہ کام کے دوران بہت تعاون کرتی ہیں اور سین کو اچھا کرنے کیلئے پوری جان لگا دیتی ہیں۔ ڈائریکٹر عثمان رضوی نے کہا کہ ہماری فلم میں وہ سب کچھ ہے جو آڈینز دیکھنا چاہتی ہے۔ فلم کا میوزک بہت اعلی ہے ، راحت فتح علیخان نے بھی گانا گایا ہے۔ ہم جلد ہی اس کا میوزک بھی ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلم کو ریلیز کب کیا جائے اس پہ بہت بات ہوتی ہے میں سمجھتا ہوں کہ سارا سال فلمیں ریلیز ہونی چاہیں تاکہ لوگوں کے پاس چوائس ہو۔ دا لیجنڈ آف مولا جٹ عید پر نہیں بلکہ عید سے ہٹ کر ریلیز ہوئی اور اسکو تاریخی کامیابی ملی۔ مجھے بہت امید ہے کہ ہماری فلم کو بھی سراہا جائیگا۔ اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ میں ذاتی زندگی میں جیسی طبیعت کی مالک ہوں اس فلم کا کردار اس سے بہت ملتا جلتا ہے۔اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ڈرامہ نہیں لگتی، اس میں ڈرامے کا رنگ نہیں ہے۔ایسا نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اس فلم کے ڈائریکٹر نے کبھی ڈرامہ نہیں بنایا ، اس لیے انکی فلم میں ڈرامے کا رنگ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ہمیشہ ہی یہ کوشش رہی ہے کہ میں ایسے پراجیکٹس کا حصہ بنوں جن کی کہانیاں لوگوں کو یاد رہ جائیں۔اس فلم کو دیکھ کر آپ کو یہ نہیں لگے گا کہ اس کے سینز یا کہانی کہیں سے چرائی گئی ہے۔ آمنہ الیاس نے کہا کہ اس فلم کا میوزک ، کہانی ، تمام کردار ہی باکمال ہیں۔ ایک سوال کے حواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں بھی یہ کہتی ہوں کہ ٹکٹس سستے ہونے چاہیں تاکہ ہر طرح کا طبقہ فلم دیکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ فلموں کو مسلسل بنتے رہنا چاہیے فلم انڈسٹری کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ فلم "مستانی" کہ کہانی ایسی ہے کہ اسکو دیکھنے والا خود سے ریلیٹ کرے گا۔آمنہ الیاس نے مزید کہا کہ اس فلم کا موضوع ہلکا پھلکا ہے یہی بات مجھے اچھی لگی۔ یہ فلم مجھے میری فلم باجی کے بعد آفر ہوئی تھی سکرپٹ پڑھ کر نہ کرنے والی کوئی بات ہی نظر نہیں آئی مجھے۔ اس میں میرے کردار کا نام عالیہ ہے جبکہ ہیرو کے کردار کا نام شکیل ہے، عالیہ پوری فلم میںشکیل کو بہت زیادہ تنگ کرتی ہے ایک وقت ایسا آتا ہے کہ دونوں کو محبت ہوجاتی ہے، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ ڈرمہ نہیں لگتی۔اس فلم کو چونکہ شوٹ کئے بھی بہت سارا وقت گزر چکا ہے لیکن جب میں نے فلم کا ٹریلر دیکھا تو مجھے بہت ساری باتیں یاد آئیں اور مجھے فلم کا ٹریلر دیکھ کر بالکل بھی ڈرامے کا رنگ محسوس نہیں ہوا۔ آئی ایم جی سی فلمز اور ڈسٹریبیوشن کے پلیٹ فارم سے اس فلم کوریلیزکرنے والے شیخ عابد نے کہا کہ کسی بھی فلم کی اچھی بات یہ ہوتی ہے کہ اسکو ایسے بنایا جائے کہ ہر کوئی اسکو دیکھ کر خو د کو اس سے جوڑ سکے۔ مستانی فلم ہر حوالے سے اینٹرٹیننگ اور پیسہ وصول فلم ہے۔ فلم کی ساری کاسٹ نے بہت ہی محنت کے ساتھ کام کیا ہے۔میوزک کسی بھی فلم کی جان ہوتا ہے اور مستانی کا میوزک ایسا ہے جو کانوں میں رس گھولے گا۔ ایک اچھی فلم میں جہاں سکرپٹ کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے وہیں اس کے میوزک کا بھی بہت بڑا اور اہم کردار ہوتا ہے۔ فلم کے گانے جلد ہی ریلیز کئے جارہے ہیں۔
فلم ""مستانی ""ایک بہترین فلم ثابت ہوگی
Aug 20, 2024