سندھ جیسا علاج دنیا میں کہیں نہیں ، پنجاب کے ہسپتالوں کی مدد کیلئے تیارہیں : بلاول 

Aug 20, 2024

کراچی+ اسلام آباد  (اسٹاف رپورٹر+  (نمائندہ خصوصی)  چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کراچی آئے تو انہیں جناح ہسپتال لے جائیں گے اور پیشکش کریں گے کہ ہم سے مراد علی شاہ لے جائیں، عذرہ پیچوہو لے جائیں اور لاہور میں بھی ایسے ادارے بنائیں۔ انھوں نے کہاکہ سندھ کے صحت کا ماڈل تمام صوبوں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال میں دو جدید وارڈز اور سائبر نائف کی جدید ترین سہولیات کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران شہباز شریف صاحب کچھ مباحثے وغیرہ کی بات کر رہے تھے۔ میں وزیراعلیٰ سندھ سے کہوں گا کہ جب وزیراعظم شہبازشریف کراچی آئیں تو انہیں جناح ہسپتال کا دورہ کرائیں۔ ہم انہیں پیشکش کریں گے وہ ایسے ہسپتال پنجاب میں بنانے کیلیے ان کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ ہم سے مراد علی شاہ لے جائیں، عذرا پیچوہو  لے جائیں تاکہ لاہور میں بھی ایسے ہسپتال بن سکیں۔ چیئرمین بلاول نے مخالفین پر بھی تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے کہ حکومت سندھ تو کچھ کرتی ہی نہیں ہے۔ یہ میگا پروجیکٹس نہیں بناتے۔ ایسے لوگوں کیلیے ہمارا عمل ہی سب سے بڑا جواب ہے۔ بلاول نے کہا کہ آج کل ہرطرف سے پاکستان کے بارے میں منفی خبریں سننے کو مل رہی ہیں، اگر اچھی خبریں آ رہی ہیں تو وہ سندھ سے آ رہی ہیں۔  یہ دلیل ہے کہ اٹھارھویں ترمیم کے تحت جب صوبوں کو اختیارات منتقل کیے جائیں گے تو بہتری آئے گی۔  ٹیلی میڈیسن قابل تعریف ہے۔ پوری دنیا میں سائبر نائف سے کینسر کا مفت علاج نہیں ہوتا۔ دنیا کے بڑے ادارے جے پی ایم سی کی خدمات کا اعتراف کرنے لگے ہیں۔ ۔ یہ سب حکومت سندھ ، پیشنٹس ایڈ فانڈیشن اور مخیر حضرات کی کامیابی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے آج ہی پتہ چلا کہ سائبر نائف کا علاج صرف سندھ میں ہو رہا ہے۔ کینسر کے پیپ سی ٹی اسکین بھی صرف جناح ہسپتال میں مفت ہو رہا ہے۔ باقی صوبے ایک تو مہنگا علاج کرتے ہیں پھر صحت کارڈ کے ذریعے پرائیویٹ کمپنیوں کو فائدہ بھی پہنچاتے ہیں ۔  اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت نے اچانک ان تین ہسپتالوں کا بجٹ ختم کردیا،  چالیس سے پچاس فیصد انشورنس نجی اداروں کو دیتے ہیں۔بلاول بھٹو نے نام لیے بغیر خیبرپی کیحکومت پر تنقید کی کہ صحت کارڈ کے ذریعے پرائیویٹ اداروں کو منافع پہنچا کر یہ خوش ہوتے ہیں، ہم عوام کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دے رہے ہیں۔ بلاول نے کہا ہے کہ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ و شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا محبت، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارے کا پیغام لازوال ہے ، جو انصاف پر مبنی اور پرامن معاشرے کے قیام کی جدوجہد میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ سالانہ عرس کے موقع پر بلاول کی  مبارکباد ۔ 

مزیدخبریں