لاہور(کامرس رپورٹر) تاجکستان کے سفیر شریف زودا یوسف طور نے لاہور چیمبر کے دورہ پر صدر کاشف انور سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر تاجکستان میں وول اور دیگر شعبہ جات میں سو فیصد ملکیت کیساتھ کاروباری شروع کرسکتے ہیں، تاجکستان میں صنعتیں لگانے والوں کیلئے مشینری پر کوئی ٹیکس یا کسٹم ڈیوٹی نہیں ہے۔چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن بریگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین، لاہور چیمبر ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فریحہ یونس، عتیق الرحمن اور محمد عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔سفیر نے لاہور چیمبر کے وفد کو تاجکستان کے دورے ‘ 24 تا 27 اکتوبر تاجکستانکیبڑی تجارتی نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ تاجکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہونگے۔براہ راست فضائی‘ ریلوے اور سڑک کے روابط کو فروغ دیکر دونوں ممالک اقتصادی تعلقات مزید بہتر بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ CASA-1000پراجیکٹ کی جلد تکمیل سے تاجکستان پاکستان کو بجلی فراہم کرسکے گا جس سے خطے میں خوشحالی آئیگی۔