لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزارت مذہبی امور کی ایپکس کمیٹی نے قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالاتِ سیرت کے نتائج کو حتمی شکل دے دی۔ سیرت نویسی میں نمایاں کام کرنے والوں کو ان نتائج کے مطابق پر اگلے ماہ 12 ربیع الاوّل کے موقع پر انعامات سے نوازا جائے گا۔ سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت ماہرین تعلیم اور اسلامی سکالرز پر مشتمل ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج بروز پیر وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ دیگر اراکین میں ڈاکٹر جمیلہ شوکت ، ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر یوسف فاروقی، ڈاکٹر محمد باقر خان خاکوانی، ڈاکٹر محمد سجاد، ڈاکٹر اکرام الحق یٰسین ، ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن، ڈاکٹر منزہ بتول، ڈاکٹر عائشہ قراۃ العین شامل تھے۔ موصولہ کتب اور مقالات کے ابتدائی نتائج ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھے گئے۔ ججز کمیٹی کی طرف سے دیئے گئے نمبروں اور سفارشات کی جانچ پرکھ کے بعد ایپکس کمیٹی نے نتائج کو حتمی شکل دی۔