لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے تعلیمی اداروں کے باہر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز اپنے اپنے اضلاع میں تعلیمی اداروں کے باہر بہترین انتظامات کریں۔صبح سکول لگنے اور چھٹی کے اوقات پر اضافی نفری لگا کر بچوں کو محفوظ سفر مہیا کیا جائے۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے مل کر بہترین پارکنگ پلان مرتب کیا جائے۔ تعلیمی اداروں کے باہر روڈ کراس کرنے کیلئے زیبرا کراسنگ کو ترجیح دی جائے۔ تعلیمی اداروں کے باہر نوپارکنگ، سپیڈ لیمٹ،کیٹ آئیز کا استعمال کر کے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر کیا جائے۔ اداروں کی انتظامیہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر انتظامات کو بہتر بنائیں۔ والدین، سکول وینز،پکن ڈرا مہیا کرنے والی دوسری وہیکلز نامزد جگہوں پر پارکنگ کریں ۔ ٹریفک ایجوکیشن یونٹس تعلیمی اداروں میں اپنی سرگرمیاں دوبارہ بحال کریں۔ مرزا فاران بیگ نے کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں میں ٹریفک کا شعور اجاگر ہونا چاہیے۔ ٹیچرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ بچوں میں ٹریفک قوانین کا شعور اجاگر کریں۔بہترین معاشرے کی تشکیل کیلئے ہم سب کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔