اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے)اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی بینچ میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کے لیے اہلیہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس رضا قریشی کی عدالت میں درخواست گزار میمونہ ریاض اپنی وکیل ایمان مزاری کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ تھانہ صدر بیرونی میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرائے۔عدالت نے انٹیلی جنس بیورو اور سی پی او راولپنڈی کو اگلی سماعت میں بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔درخواست گزار کی وکیل نے گزشتہ سماعت پر بتایا تھا کہ 14 اگست سے اکرم کے متعلق کچھ معلوم نہیں، تھانہ صدر بیرونی پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی لیکن ابھی ایف آئی آر نہیں ہوئی ہے۔