لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس میں ملزموں کی شناخت پریڈ مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے سماعت کی۔ اس دوران بتایا گیا کہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں مرکزی ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل نہ ہو سکا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے شناخت پریڈ مکمل کرنے کیلئے ایک دن کی مہلت طلب کی۔ عدالت نے ملزموں کی شناخت پریڈ آج 20 اگست تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ نے مل کر خلیل الرحمان قمر کو اغوا کیا، ملزمہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان کو بلیک میل کرنے کا مسئلہ حسن شاہ کو بتایا، ملزم حسن شاہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خلیل الرحمن قمر کو اغوا کیا اور ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا۔