پاک بحریہ کا جہاز حنین رومانیہ سے  روانہ، ترکیہ، سعودی عرب سے ہوتا پاکستان پہنچے گا

جدہ (امیر محمد خان سے) پاک بحریہ کا جہاز ’’حینن‘‘ رومانیہ سے براستہ ترکیہ اور سعودی عرب پاکستان کیلئے روانہ ہو رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق روانگی سے قبل رومانیہ کی بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے جہاز کا دورہ کیا اور کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی۔ روانگی کے دوران پہلے جنگی جہاز حنین نے رومانیہ کی بحریہ کے جہاز لاسٹونل کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں کیں، واضح رہے کہ پی این ایس حنین رومانیہ کے دامن نیول شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے والے چار آف شور گشتی جہازوں میں سے تیسرا ہے۔ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔ پی این ایس حنین کے اضافے سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی گشت کی تعیناتی کو مزید تقویت ملے گی۔ سعودی عرب آمد پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس 'حنین' کے کمانڈر کیپٹن ہارون عزیز نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، میجر جنرل احمد بن علی الدبئیس، کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا کہ پی این ایس حنین کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن